ابنا: مصر کی انٹلجنس نے اتوار کو قاہرہ میں العالم کے دفتر پر حملے کرکے دفتر میں موجود تمام ساز وسامان کو ضبط کرلیا تھا۔ مصر کی انٹلیجنس نے بہانہ بنایا ہے کہ العالم کے پاس صحافتی سرگرمیوں کے لئے لائسنس نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی جب مصر پر سابق ڈکٹیٹر حسنی مبارک کی حکومت تھی العالم نیوز چینل کو طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
العالم نے انکشاف کیا تھا کہ حسنی مبارک کی حکومت غزہ کے محاصرے میں صیہونی حکومت کی شریک ہے جس کےبعد مصر کی سابق حکومت نے نائیل سیٹ سے العالم کی نشریات بند کردی تھیں۔ صیہونی حکومت نے نامبارک کی حکومت کے اس اقدم پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ ادھر مصر کی لیبر پارٹی نے کہا ہےکہ العالم پر پابندی لگانے کا مقصد صدارتی انتخابات میں دھاندلی کرنا اور اسلامی پارٹیوں کو نقصان پہنچانا ہے۔
مصر کی لیبر پارٹی کے رکن ضیاء الصاوی نے کہا کہ فوجی کونسل کی جانب سے العالم اور دیگر چینلوں کے خلاف جو اقدامات کے گئےہیں ان سے معلوم ہوتا ہے کہ فوجی کونسل صدارتی انتخابات کےموقع پر اپنے خاص مقاصد پر عمل کرکے اسلامی پارٹیوں کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ الصاوی نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات عوام کے دباؤ کی وجہ سے شفاف اور منصفانہ طریقے سے انجام پائےلیکن ملت مصر صدارتی انتخابات کے بارے میں فوجی کونسل پر ذرہ برابر اعتماد نہیں کرتی۔.......
/169